Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہر چند مری قوت گفتار ہے محبوس

Sahir Ludhianvi (1921–1980)

ہر چند مری قوت گفتار ہے محبوس

خاموش مگر طبع خود آرا نہیں ہوتی

معمورۂ احساس میں ہے حشر سا برپا

انسان کی تذلیل گوارا نہیں ہوتی

نالاں ہوں میں بیداریٔ احساس کے ہاتھوں

دنیا مرے افکار کی دنیا نہیں ہوتی

بیگانہ صفت جادۂ منزل سے گزر جا

ہر چیز سزاوار نظارہ نہیں ہوتی

فطرت کی مشیت بھی بڑی چیز ہے لیکن

فطرت کبھی بے بس کا سہارا نہیں ہوتی