Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ ڈھل رہا ہے تو یہ بھی رنگت بدل رہی ہے

Javed Akhtar (b. 1945)

وہ ڈھل رہا ہے تو یہ بھی رنگت بدل رہی ہے

زمین سورج کی انگلیوں سے پھسل رہی ہے

جو مجھ کو زندہ جلا رہے ہیں وہ بے خبر ہیں

کہ میری زنجیر دھیرے دھیرے پگھل رہی ہے

میں قتل تو ہو گیا تمہاری گلی میں لیکن

مرے لہو سے تمہاری دیوار گل رہی ہے

نہ جلنے پاتے تھے جس کے چولھے بھی ہر سویرے

سنا ہے کل رات سے وہ بستی بھی جل رہی ہے

میں جانتا ہوں کہ خامشی میں ہی مصلحت ہے

مگر یہی مصلحت مرے دل کو کھل رہی ہے

کبھی تو انسان زندگی کی کرے گا عزت

یہ ایک امید آج بھی دل میں پل رہی ہے