Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

وہ زمانہ گزر گیا کب کا

Javed Akhtar (b. 1945)

وہ زمانہ گزر گیا کب کا

تھا جو دیوانہ مر گیا کب کا

ڈھونڈھتا تھا جو اک نئی دنیا

لوٹ کے اپنے گھر گیا کب کا

وہ جو لایا تھا ہم کو دریا تک

پار اکیلے اتر گیا کب کا

اس کا جو حال ہے وہی جانے

اپنا تو زخم بھر گیا کب کا

خواب در خواب تھا جو شیرازہ

اب کہاں ہے بکھر گیا کب کا