Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

چاند سے پھول سے یا میری زباں سے سنئے

Nida Fazli (1938–2016)

چاند سے پھول سے یا میری زباں سے سنئے

ہر جگہ آپ کا قصہ ہے جہاں سے سنئے

کیا ضروری ہے کہ ہر پردہ اٹھایا جائے

میرے حالات بھی اپنے ہی مکاں سے سنئے

سب کو آتا نہیں دنیا کو سجا کر جینا

زندگی کیا ہے محبت کی زباں سے سنئے

کون پڑھ سکتا ہے پانی پہ لکھی تحریریں

کس نے کیا لکھا ہے یہ آب رواں سے سنئے

چاند میں کیسے ہوئی قید کسی گھر کی خوشی

یہ کہانی کسی مسجد کی اذاں سے سنئے