Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہر سمت پریشاں تری آمد کے قرینے

Faiz Ahmad Faiz (1911–1984)

ہر سمت پریشاں تری آمد کے قرینے

دھوکے دئیے کیا کیا ہمیں باد سحری نے

ہر منزل غربت پہ گماں ہوتا ہے گھر کا

بہلایا ہے ہر گام بہت دربدری نے

تھے بزم میں سب دود سر بزم سے شاداں

بیکار جلایا ہمیں روشن نظری نے

مے خانے میں عاجز ہوئے آزردہ دلی سے

مسجد کا نہ رکھا ہمیں آشفتہ سری نے

یہ جامۂ صد چاک بدل لینے میں کیا تھا

مہلت ہی نہ دی فیضؔ کبھی بخیہ گری نے