Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

توحید

Allama Iqbal (1877–1938)

زندہ قوت تھی جہاں میں یہی توحید کبھی

آج کیا ہے، فقط اک مسئلہء علم کلام

روشن اس ضو سے اگر ظلمت کردار نہ ہو

خود مسلماں سے ہے پوشیدہ مسلماں کا مقام

میں نے اے میر سپہ! تیری سپہ دیکھی ہے

'قل ھو اللہ، کی شمشیر سے خالی ہیں نیام

آہ! اس راز سے واقف ہے نہ ملا، نہ فقیہ

وحدت افکار کی بے وحدت کردار ہے خام

قوم کیا چیز ہے، قوموں کی امامت کیا ہے

!اس کو کیا سمجھیں یہ بیچارے دو رکعت کے امام