Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

قلندر کی پہچان

Allama Iqbal (1877–1938)

کہتا ہے زمانے سے یہ درویش جواں مرد

!جاتا ہے جدھر بندئہ حق، تو بھی ادھر جا

ہنگامے ہیں میرے تری طاقت سے زیادہ

بچتا ہوا بنگاہ قلندر سے گزر جا

میں کشتی و ملاح کا محتاج نہ ہوں گا

چڑھتا ہوا دریا ہے اگر تو تو اتر جا

توڑا نہیں جادو مری تکبیر نے تیرا؟

!ہے تجھ میں مکر جانے کی جرات تو مکر جا

مہر و مہ و انجم کا محاسب ہے قلندر

ایام کا مرکب نہیں، راکب ہے قلندر