Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اب کہیں کوئی نہیں

Nida Fazli (1938–2016)

اب کہیں کوئی نہیں

جل گئے سارے فرشتوں کے بدن

بجھ گئے نیل گگن

ٹوٹتا چاند بکھرتا سورج

کوئی نیکی نہ بدی

اب کہیں کوئی نہیں

آگ کے شعلے بڑھے

آسمانوں کا خدا

ڈر کے زمیں پر اترا

چار چھ گام چلا ٹوٹ گیا

آدمی اپنی ہی دیواروں سے پتھر لے کر

پھر گپھاؤں کی طرف لوٹ گیا

اب کہیں کوئی نہیں