Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہم مسافر یوں ہی مصروف سفر جائیں گے

Faiz Ahmad Faiz (1911–1984)

ہم مسافر یوں ہی مصروف سفر جائیں گے

بے نشاں ہو گئے جب شہر تو گھر جائیں گے

کس قدر ہوگا یہاں مہر و وفا کا ماتم

ہم تری یاد سے جس روز اتر جائیں گے

جوہری بند کئے جاتے ہیں بازار سخن

ہم کسے بیچنے الماس و گہر جائیں گے

نعمت زیست کا یہ قرض چکے گا کیسے

لاکھ گھبرا کے یہ کہتے رہیں مر جائیں گے

شاید اپنا بھی کوئی بیت حدی خواں بن کر

ساتھ جائے گا مرے یار جدھر جائیں گے

فیضؔ آتے ہیں رہ عشق میں جو سخت مقام

آنے والوں سے کہو ہم تو گزر جائیں گے