Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دربار میں اب سطوت شاہی کی علامت

Faiz Ahmad Faiz (1911–1984)

دربار میں اب سطوت شاہی کی علامت

درباں کا عصا ہے کہ مصنف کا قلم ہے

آوارہ ہے پھر کوہ ندا پر جو بشارت

تمہید مسرت ہے کہ طول شب غم ہے

جس دھجی کو گلیوں میں لیے پھرتے ہیں طفلاں

یہ میرا گریباں ہے کہ لشکر کا علم ہے

جس نور سے ہے شہر کی دیوار درخشاں

یہ خون شہیداں ہے کہ زر خانۂ جم ہے

حلقہ کیے بیٹھے رہو اک شمع کو یارو

کچھ روشنی باقی تو ہے ہر چند کہ کم ہے