Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

کوئی اٹکا ہوا ہے پل شاید

Gulzar (b. 1934)

کوئی اٹکا ہوا ہے پل شاید

وقت میں پڑ گیا ہے بل شاید

لب پہ آئی مری غزل شاید

وہ اکیلے ہیں آج کل شاید

دل اگر ہے تو درد بھی ہوگا

اس کا کوئی نہیں ہے حل شاید

جانتے ہیں ثواب رحم و کرم

ان سے ہوتا نہیں عمل شاید

آ رہی ہے جو چاپ قدموں کی

کھل رہے ہیں کہیں کنول شاید

راکھ کو بھی کرید کر دیکھو

ابھی جلتا ہو کوئی پل شاید

چاند ڈوبے تو چاند ہی نکلے

آپ کے پاس ہوگا حل شاید