Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہر دم شگفتہ تر جو ہنسی میں دہن ہوا

منشی بہاری لال مشتاق دہلوی

ہر دم شگفتہ تر جو ہنسی میں دہن ہوا

غنچہ سے پہلے گل ہوا گل سے چمن ہوا

زاہد ہوا اسام ہوا برہمن ہوا

اس رہ میں رہنما جو بنا راہزن ہوا

صورت بدل گئی کوئی پہچانتا نہیں

عاشق ترا وطن میں غریب الوطن ہوا

قد سرو نرگس آنکھ دہن غنچہ گل عذار

جلوہ سے اس کے خانۂ ویراں چمن ہوا

غیروں نے بیٹھنے نہ دیا جب کہیں مجھے

میں انجمن میں منتظم انجمن ہوا

طبع جفا شعار کی تفریح کے لئے

نالہ مرا ترانۂ مرغ چمن ہوا

مشتاقؔ صوفیوں میں تو تائب ہوا تھا کل

سنتا ہوں آج رندوں میں توبہ شکن ہوا