Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہر جفا ان کی ہوئی ہم کو وفا سے بڑھ کر

شرف مجددی

ہر جفا ان کی ہوئی ہم کو وفا سے بڑھ کر

اب نکالیں وہ کوئی ظلم جفا سے بڑھ کر

سر تسلیم ہے خم تیری رضا کے آگے

دے وہ رتبہ جو ہے تسلیم و رضا سے بڑھ کر

کمسنی جن کی ہمیں یاد ہے اور کل کی ہی بات

آج انہیں دیکھیے کیا ہو گئے کیا سے بڑھ کر

اللہ اللہ خصوصیت ذات حسنین

ساری امت کے ہیں پوتوں سے نواسے بڑھ کر

تجربہ کر لیا اور دیکھ لیا سب کو شرفؔ

کوئی ہمدرد نہیں یاد خدا سے بڑھ کر