Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہر ایک کا حامی وہ مصیبت میں ہوا ہے

عنایت اللہ روشن بدایونی

ہر ایک کا حامی وہ مصیبت میں ہوا ہے

جس کا کوئی دنیا میں نہیں اس کا خدا ہے

خاموش ہوں میں دیکھ کے رفتار زمانہ

حیرت صفت دیدۂ نقش کف پا ہے

اچھے ہو تو اچھے ہو برے ہو تو برے ہو

سنتے ہو جو آواز وہ گنبد کی صدا ہے

اک عمر ہوئی دیکھتے نیرنگ زمانہ

وہ اختر قسمت ہوں جو گردش میں رہا ہے

کیوں خون جگر کھائیے تکمیل ہنر میں

ہر ناقص فن آج امیر الشعرا ہے

اچھا نہیں ہوتا کبھی بیمار محبت

الفت وہ مرض ہے کہ اجل جس کی دوا ہے

بہتر ہے کہ باز آ ستم ایجاد و جفا سے

اے چرخ برے کام کا انجام برا ہے

آساں نہیں اے جان سفر ملک عدم کا

سنتا ہوں کہ دشوار بہت راہ فنا ہے

روشن ہے جہاں نور سے اس پردہ نشیں کے

خورشید میں ذرہ رخ روشن کی ضیا ہے

ارباب کرم پھولتے پھلتے ہیں ہمیشہ

سرسبز نہال کرم اہل سخا ہے

ناقص کے موافق ہے خلاف اہل ہنر کے

بدلی ہوئی روشنؔ یہ زمانہ کی ہوا ہے