Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہر چیز میں عکس رخ زیبا نظر آیا

عزیز الحسن غوری

ہر چیز میں عکس رخ زیبا نظر آیا

عالم مجھے سب جلوہ ہی جلوہ نظر آیا

تو کب کسی طالب کو سراپا نظر آیا

دیکھا تجھے اتنا جسے جتنا نظر آیا

کیں بند جب آنکھیں تو مری کھل گئیں آنکھیں

کیا تم سے کہوں پھر مجھے کیا کیا نظر آیا

جب مہر نمایاں ہوا سب چھپ گئے تارے

تو مجھ کو بھری بزم میں تنہا نظر آیا

گردوں کو بھی اب دیکھ کے ہوتی ہے تسلی

غربت میں یہی ایک شناسا نظر آیا

سب دولت کونین جو دی عشق کے بدلے

اس بھاؤ یہ سودا مجھے سستا نظر آیا

ناکام ہی تا عمر رہا طالب دیدار

ہر جلوہ ترا بعد کو پردا نظر آیا

جو دور نگاہوں سے سر عرش بریں ہے

وہ نور سر گنبد خضرا نظر آیا

مجذوبؔ کبھی سوز کبھی ساز ہے تجھ میں

تو میرؔ کبھی اور کبھی سوداؔ نظر آیا

مجذوبؔ کے جذبے کی جو سمجھے نہ حقیقت

ان عقل کے اندھوں کو یہ سودا نظر آیا