Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جان دی ان پہ مر مٹے سسکے

مرزا مسیتابیگ منتہی

جان دی ان پہ مر مٹے سسکے

ہیں حسیں لوگ آشنا کس کے

ان کو سکھلائی ہم نے آرائش

روح پھونکی ہے شخص بے حس کے

نالے پہنچے غریب کے تا عرش

بچ گئے ڈنکے مرد مفلس کے

رکھ کے خنجر گلے پہ کہتا ہے

مار ڈالا اگر ذرا کھسکے

بزم میں جا ملی رفیقوں کو

کانٹے بوئے ہیں باغ میں بس کے

کیا بتائیں کہ کس کے عاشق ہیں

وہ نظر آئے تو کہیں اس کے

نالہ کر کر کے دل ہوا خاموش

رہ گیا ہے پہ پھوڑا رس رس کے

کوئی کعبے گیا حرم کو کوئی

بندے درگاہ اپنے گھر گھس کے

گیسوئے یار اگر ہے دام بلا

خال مشکیں بھی کانٹیں ہیں بس کے

چھوڑا پیری میں روح نے تن زار

جامہ اترا بدن سے گھس پس کے

دیدۂ سرمہ سا کی الفت میں

منتہیؔ خاک ہو گئے پس کے