Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہزار مرتبہ دیکھا ستم جدائی کا

کرامت علی شہیدی

ہزار مرتبہ دیکھا ستم جدائی کا

ہنوز حوصلہ باقی ہے آشنائی کا

پری اٹھی مرے پہلو سے بارہا ناکام

فریفتہ ہوں تری طرز دل ربائی کا

مجھے عذاب جہنم کہ بت پرست ہوں میں

وہ بت بہشت میں دعویٰ جسے خدائی کا

فضائے باغ سے ہے گوشۂ قفس خوش تر

گر اپنے دل میں نہ ہو دغدغہ رہائی کا

ادب نہ وادئ وحشت کے مجھ سے ترک ہوئے

جنوں میں ہوش رہا ہے برہنہ پائی کا

نگاہ خندہ تغافل عتاب کہنہ ہوئے

نکال طرز نیا کوئی دل ربائی کا

بتوں کا سجدہ مری سر نوشت میں کب تھا

کہ عزم کعبہ کے در پر ہو جبہ سائی کا

اچک رہا ہے کھڑا بام عرش پر کم بخت

قلق ہے مجھ کو شہیدیؔ کی نارسائی کا