Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جان دیتے ہی بنی عشق کے دیوانے سے

آغا شاعر قزلباش

جان دیتے ہی بنی عشق کے دیوانے سے

شمع کا حال نہ دیکھا گیا پروانے سے

آتش عشق سے جل جل گئے پروانے سے

پہلے یہ آگ لگی کعبہ و بت خانے سے

ساقیا گریۂ غم سے مجھے مجبور سمجھ

خون رستا ہے یہ ٹوٹے ہوئے پیمانے سے

رات کی رات چمن میں ہے نمود شبنم

صبح ہوتے ہی بکھر جائیں گے سب دانے سے

دم آخر تری آنکھوں کی بلائیں لے لوں

اور دم بھر جو نہ چھلکے مرے پیمانے سے

ہائے کیا چیز تھیں وہ مست نگاہیں شاعرؔ

جھومتا جھامتا نکلا ہوں پری خانے سے