Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہم جوں چکور غش ہیں اجی ایک یار پر

سعادت یار خان رنگین

ہم جوں چکور غش ہیں اجی ایک یار پر

بلبل کی طرح جی نہیں دیتے ہزار پر

گر جی میں کچھ نہیں ہے تو دیکھے ہے کیوں مجھے

انگلی کو پھیر پھیر کے تیغے کی دھار پر

پا بوس یار کی ہمیں حسرت ہے اے نسیم

آہستہ آئیو تو ہمارے مزار پر

رخسار پر نمود ہوا خط خبر بھی ہے

یعنی کمر کسی ہے خزاں نے بہار پر

رنگیںؔ تو لے کے بیٹھے ہیں اسباب عیش سب

آوے بشرط یار بھی اپنے قرار پر