Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہم سے وارفتہ الفت ہیں بہت کم پیدا

مرزا محمد تقی ہوس

ہم سے وارفتہ الفت ہیں بہت کم پیدا

ہاتھ سے کھو نہ ہمیں ہوں گے نہ پھر ہم پیدا

التیام اس کا جو ہے لطف بتاں پر موقوف

زخم دل کا مرے ہوتا نہیں مرہم پیدا

بد نہ کہہ بد کو کہ صناع بد و نیک ہے ایک

خار و گل ہوتے ہیں اک شاخ سے باہم پیدا

نہیں ابرو ترے رخسار کے سجدے کے لیے

عکس انگشت شہادت نے کیا خم پیدا

میں بھی ہوں باعث ایجاد ہوسؔ اک شے کا

میری خاطر مرے خالق نے کیا غم پیدا