Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جام جم کے ساتھ

عصمت اللہ عصمت بیگ

کاٹی ہے عمر ابروئے تیغ دو دم کے ساتھ

میں اس کے دم کے ساتھ ہوں وہ میرے دم کے ساتھ

دشت جنوں سمٹ کے کف پا سے جا ملا

منزل لپٹ کے رہ گئی نقش قدم کے ساتھ

آوارہ گردی فاقہ کشی فکر روزگار

یہ سب بلائیں لپٹی ہیں عاشق کے دم کے ساتھ

افیوں کا دور بھی ہے مے ارغواں کے بعد

جام سفال ہاتھ میں ہے جام جم کے ساتھ

اے شیخ توبہ رم نہیں ہوگی کبھی حرام

موجود رم ہے دیکھ حرم اور ارم کے ساتھ

ڈوبا ہوا ہوں خال دہن کی ریسرچ میں

ٹکرا رہا ہوں ساحل بحر عدم کے ساتھ

ایک کیو ہے آسماں سے زمیں تک لگا ہوا

غم غم کے بعد اور الم ہے الم کے ساتھ

ایسے سلام کو ہے مرا دور سے سلام

ہوتا ہے جو سلام کئی پیچ و خم کے ساتھ

کل تک بھی بات کرنے کا جن کو نہ تھا شعور

وہ ہم سے بات کرنے لگے آج ہم کے ساتھ

اتنا خمیدہ ہو گیا پیری کے ہاتھ سے

کرتا ہوں اک سلام بھی سو پیچ و خم کے ساتھ