Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہم نے سو سو طرح بنائی بات

سید یوسف علی خاں ناظم

ہم نے سو سو طرح بنائی بات

سامنے اس کے بن نہ آئی بات

سچ تو کہتا ہے دوست دشمن ہے

ہم نے ناصح کی آزمائی بات

بات کے کاٹنے کا شکوہ کیا

ہو جہاں قطع آشنائی بات

وعدے پر اس سے کیوں قسم مانگے

مفت بگڑی بنی بنائی بات

ہم کو دشمن سے ہو گئی معلوم

دوست نے ہم سے جو چھپائی بات

کیا شب وصل کو گھٹانا ہے

غم ہجراں کی کیوں بڑھائی بات

یہ بھی ان کے دہن کی خوبی ہے

کہ سمجھ میں مری نہ آئی بات

شہر سے کیوں کریں وہ عزم سفر

ہم نشیں تو نے کیا اڑائی بات

واں سے جا کر خبر نہیں لایا

ہے کہیں کی سنی سنائی بات

بھید اپنوں سے بھی نہ کہہ ناظمؔ

منہ سے نکلی ہوئی پرائی بات