Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہم کو ہوس جلوہ گاہ طور نہیں ہے

سید یوسف علی خاں ناظم

ہم کو ہوس جلوہ گاہ طور نہیں ہے

اس حسن کی کیا قدر جو مستور نہیں ہے

افسانۂ مجنوں سے نہیں کم مرا قصہ

اس بات کو جانے دو کہ مشہور نہیں ہے

کعبے کو چلے جائیں در دوست سے اٹھ کر

پر اس کا ستانا ہمیں منظور نہیں ہے

وہ میری عیادت کو ضرور آئیں گی ہمدم

کہتے ہیں کہ مکار ہے رنجور نہیں ہے

کھلنے سے بھلا اس کے دکھے کیوں دل بلبل

ہے غنچۂ گل زخم کا انگور نہیں ہے

دعوت سے مسخر ہو نہ طاعت سے میسر

ہوں جس پہ فدا وہ پری و حور نہیں ہے

مشرک کہے عاشق کو جو لے نام خدا کا

سچ کہتے ہو اس شوخ سے کچھ دور نہیں ہے

ہو رات تو جیتے رہیں امید سحر پر

یہ روز سیہ ہی شب دیجور نہیں ہے

ناظمؔ میں پڑھاتا اسے غالبؔ کے قصائد

افسوس کہ خاقانیٔؔ مغفور نہیں ہے