Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہم نہ وحشت کے مارے مرتے ہیں

منتظر لکھنوی

ہم نہ وحشت کے مارے مرتے ہیں

تیری دہشت کے مارے مرتے ہیں

مار مت بے مروتی سے انہیں

جو مروت کے مارے مرتے ہیں

شکوہ کیا کیجے شام غربت کا

اپنی شامت کے مارے مرتے ہیں

کیا رقیبوں کو ماریے وہ آپ

سب رقابت کے مارے مرتے ہیں

یار سے دور ہیں وطن سے جدا

اس مصیبت کے مارے مرتے ہیں

سیکڑوں اس سے ہیں گے ہم آغوش

لاکھوں حسرت کے مارے مرتے ہیں

کچھ ہماری نہ پوچھئے صاحب

ہم تو غیرت کے مارے مرتے ہیں

ہے عجب زیست منتظرؔ ان کی

جو کہ الفت کے مارے مرتے ہیں