Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہنستے تھے مرے حال کو جو یار دیکھ کر

مرزا محمد تقی ہوس

ہنستے تھے مرے حال کو جو یار دیکھ کر

ان سب نے رو دیا مجھے بیمار دیکھ کر

سب ہم صفیر چھوڑ کے تنہا چلے گئے

کنج قفس میں مجھ کو گرفتار دیکھ کر

کیا جانے کیا غضب ہے یہ جادو بھری نگاہ

غش کر گیا ہوں میں جسے یک بار دیکھ کر

خون جگر کے ساتھ کہیں جی چلا نہ جائے

رونا ذرا تو دیدۂ خوں بار دیکھ کر

اپنے ہوسؔ پہ جب سے کہ تو مہرباں ہوا

جلتے ہیں رات دن اسے اغیار دیکھ کر