Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہو اگر مد نظر گلشن میں اے گلفام رقص

منشی خیراتی لال شگفتہ

ہو اگر مد نظر گلشن میں اے گلفام رقص

صورت بسمل دکھائے بلبل ناکام رقص

خانہ مقتل میں ہوتا ہے گماں فردوس کا

مور بن کر جب دکھاتی ہے تری صمصام رقص

وہ ہوا خواہ نسیم زلف ہوں میں تیرہ بخت

کیوں نہ مرقد پر کرے دود چراغ شام رقص

آرزو ہے التفات بے قرار سے مجھے

وصل میں اس کو دکھائے ہر رگ اندام رقص

دم نہیں اپنا تڑپ کر لوٹتا ہے ہجر میں

روح کو سکھلا رہا ہے موت کا پیغام رقص

اے شگفتہؔ وہ پری رو مجھ سے فرماتا ہے یہ

تم کو دکھلائیں گے اپنا آج زیر بام رقص