Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہوا جو ان کی خاموشی سے کچھ ملال مجھے

Dagh Dehlvi (1831–1905)

ہوا جو ان کی خاموشی سے کچھ ملال مجھے

جواب دینے لگی طاقت سوال مجھے

کسی کے دل سے کسی کی نظر سے گرتا ہوں

سنبھالنا ہے تو اے آسماں سنبھال مجھے

امید بوسہ ہے پھر بھی اگرچہ یہ ہے یقیں

بہت ذلیل کرے گا مرا سوال مجھے

صدائے نالہ شب وصل بھی نہ دل سے گئی

پکارتی تھی یہ حسرت مری نکال مجھے

پلا دے بزم میں ساقی اسے شراب اتنی

وہ مست ناز کہے مجھ سے تو سنبھال مجھے

شکایتوں سے محبت کی اور کیا حاصل

کچھ انفعال تمہیں ہو کچھ انفعال مجھے

اسیر حلقہ کاکل نہ میں ہوا اے داغؔ

مرے خدا نے بچایا ہے بال بال مجھے