Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ہوں وہ مومن جسے ایماں سے سروکار نہیں

شاہ اکبر داناپوری

ہوں وہ مومن جسے ایماں سے سروکار نہیں

وہ برہمن ہوں جسے حاجت زنار نہیں

گنگ وہ کان جو وقف سخن یار نہیں

کور وہ آنکھ جسے حسرت دیدار نہیں

کفر سے کام نہ ایمان سے مطلب ہے ہمیں

دونوں عالم سے بجز تیرے سروکار نہیں

کیا خبردار کرے گا تو ہمیں او زاہد

آپ تو اپنی حقیقت سے خبردار نہیں

کب ترے جلوۂ دیدار نے حیران کیا

کون سا دن ہے کہ ہم نقش بہ دیوار نہیں

سرفروشی صفت کوہ کن آخر میں ہے

عشق پہلے تو بہت سہل ہے دشوار نہیں

دہن گور سے آتی ہے صدا میت کو

آج ہمدم نہیں تیرا کوئی غم خوار نہیں

دیکھ کر اس کو یہ ہوں محو برنگ تصویر

ہے زباں منہ میں مگر طاقت گفتار نہیں

چشم دل کھول اگر ہے طلب دید اکبرؔ

نظر آئے گا ان آنکھوں سے وہ دیدار نہیں