Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یادگار زمانہ ہیں ہم لوگ

منتظر لکھنوی

یادگار زمانہ ہیں ہم لوگ

سن رکھو تم فسانہ ہیں ہم لوگ

خلق سے ہو گئے ہیں بیگانے

شاید اس کے یگانہ ہیں ہم لوگ

کیوں نہ ہر گل پہ ہوویں زمزمہ سنج

بلبل خوش ترانہ ہیں ہم لوگ

سب کے مخدوم ہیں ولے تیرے

خادم آستانہ ہیں ہم لوگ

تیر مژگاں ہے کیا بلا جس کے

جان و دل سے نشانہ ہیں ہم لوگ

یار آگے نکل گئے ہیں کئی

پیچھے ان کے روانہ ہیں ہم لوگ

اپنے جی میں سمجھ تو زلف دراز

قابل تعزیانہ ہیں ہم لوگ

منتظرؔ شکل بلبل وحشی

دشمن آشیانہ ہیں ہم لوگ