Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یاد آتی ہے مجھے جب خوش بیانی آپ کی

ناصری لکھنوی

یاد آتی ہے مجھے جب خوش بیانی آپ کی

کچھ نئے لفظوں میں کہتا ہوں کہانی آپ کی

آپ نے پروا نہ کی میں قید ہستی سے چھٹا

مہربانی ہو گئی نا مہربانی آپ کی

قتل کی ضد ہے نزاکت سے نہیں اٹھتی ہے تیغ

دیدنی ہے آج تو شان جوانی آپ کی

جاننے والوں سے پردہ اس قدر بیکار ہے

حسن ظاہر سب پہ اور یہ لن ترانی آپ کی

مرنے والے کر کے آنکھیں بند قبروں میں گئے

واہ وا کس شان سے آئی جوانی آپ کی

داغ الفت اس لیے سینے میں رکھا ہے نہاں

کوئی میرے پاس کیوں دیکھے نشانی آپ کی