Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یوں دل ہے سر بہ سجدہ کسی کے حضور میں

امین حزیں سیالکوٹی

یوں دل ہے سر بہ سجدہ کسی کے حضور میں

جیسے کہ غوطہ زن ہو کوئی بحر نور میں

ہنس ہنس کے کہہ رہی ہے چمن کی کلی کلی

آتا ہے لطف حسن کو اپنے ظہور میں

ساقی نگاہ مست سے دیتا ہے جب کبھی

لگتے ہیں چار چاند ہمارے سرور میں

کھائیں جناب شیخ فریب قیاس و وہم

یہ کیف جاں نواز کہاں چشم حور میں

مثل کلیم کون سنے لن ترانیاں

میرے لیے کشش ہی کہاں کوہ طور میں

بیش از دو حرف اپنی نہیں داستان درد

ہم گر کے آسمان سے اٹکے کھجور میں

یہ شوخیاں کلام میں یوں ہی نہیں امیںؔ

پڑھنے چلے ہیں آپ غزل رامپور میں