Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یک بیک جاتا رہا دلبر جو گھر آیا ہوا

منتظر لکھنوی

یک بیک جاتا رہا دلبر جو گھر آیا ہوا

دوڑا دوڑا میں پھرا گلیوں میں گھبرایا ہوا

جان کیا جلاد کی لیوے دوبارا حکم قتل

منہ سے اس ظالم نے جو یکبار فرمایا ہوا

ہجر میں اس گل کے یہ صورت ہماری بن گئی

رنگ بھی ہے زرد اور چہرہ بھی مرجھایا ہوا

خانۂ دل سے کریں غم یار کا کس طرح دور

در سے اٹھتا ہے محصل کوئی بٹھلایا ہوا

کیا غضب ٹوٹے ہے دیکھیں عاشقوں کی جان پر

آج کچھ غصہ میں ہے بیٹھا وہ جھنجھلایا ہوا

یوں کیا برباد اس گل نے دل پژمردہ کو

پھینک دے ہے پھول جیسے کوئی کملایا ہوا

منتظرؔ کا جی جلا دے کیوں نہ ہر اک بات میں

ہے وہ ظالم شعلہ خو غیروں کا بھڑکایا ہوا