Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یہ آرزو ہے کہ وہ نامہ بر سے لے کاغذ

بیاں احسن اللہ خان

یہ آرزو ہے کہ وہ نامہ بر سے لے کاغذ

بلا سے پھاڑ کے پھر ہاتھ میں نہ لے کاغذ

وہ کون دن ہے کہ غیروں کو خط نہیں لکھتا

قلم کے بن کو لگے آگ اور جلے کاغذ

تمام شہر میں تشہیر میرے بد خو نے

پیام بر کو کیا باندھ کر گلے کاغذ

بہا دوں ایسے کئی دفتر اشک کی رو میں

کیے ہیں جمع ارے غافلو بھلے کاغذ

پیام بر مجھے ایسا کوئی نہیں ملتا

کہ حیلہ جو سے مرے لے ہی کر ٹلے کاغذ

بیاںؔ کو ضعف ہے اتنا کہ باد تند کے روز

جو خط لکھے تو اسے لے کے اڑ چلے کاغذ