Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یہ تیرا عشق کب کا آشنا تھا

میر سوز

یہ تیرا عشق کب کا آشنا تھا

کہاں کا جان کو میری دھرا تھا

وہ ساعت کون سی تھی یا الٰہی

کہ جس ساعت دو چار اس سے ہوا تھا

میں کاش اس وقت آنکھیں موند لیتا

کہ میرا دیکھنا مجھ پر بلا تھا

میں اپنے ہاتھ اپنے دل کو کھویا

خداوندا میں کیوں عاشق ہوا تھا

نہ تھا اس وقت جز اللہ کوئی

ولے یہ سوزؔ پہلو میں کھڑا تھا