Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یہ جس نے جان دی ہے نان دے گا

مرزا مسیتابیگ منتہی

یہ جس نے جان دی ہے نان دے گا

دیا ہے جس نے سر سامان دے گا

مژہ سے اس کماں ابرو کی بچنا

وہ ناوک ہے کلیجہ چھان دے گا

مشقت سے وہ دے یا بے مشقت

بہ ہر صورت بہ ہر عنوان دے گا

وہ بوسہ دے کے دل لے کر یہ بولے

عوض احساں کا کیا انسان دے گا

ملے گا قدر دان عشق ہم کو

خدا معشوق با ایمان دے گا

سنیں گے تب بتان ہند اپنی

اجازت جب انہیں شیطان دے گا

فسانہ کوہ کن کا سن کے بولے

جو عاشق ہوگا وہ ہی جان دے گا

نہ تھی امید تجھ سے قاسم بخت

دل پر درد و پر ارمان دے گا

رہ الفت کا ہوں کار آزمودہ

کسی کو دل کوئی انجان دے گا

چلے گا تیر جب اپنی دعا کا

کلیجے دشمنوں کے چھان دے گا

مقدر سے زیادہ ایک لقمہ

گدا کیا لے گا کیا سلطان دے گا

لپٹ جاؤں گا ان سے روز وصلت

اگر مجھ کو خدا اوسان دے گا

نہ پھیلا منتہیؔ دست ہوس کو

وگرنہ یہ تجھے نقصان دے گا