Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تم چمن زاد ہو فطرت کے قریں رہتے ہو

تصدق حسین خالد

تم چمن زاد ہو فطرت کے قریں رہتے ہو

دل یہ کہتا ہے کہ تم محرم اسرار بھی ہو

تمہیں فطرت کی بہاروں کی قسم

یہ تماشا گہ عالم کیا ہے

نور خورشید کا جاں سوز جہاں تاب جمال

آسمانوں پہ ستاروں کا سبک کام خرام

یہ گرجتے ہوئے بادل

یہ سمندر کا خروش

یہ پرندوں کے سہانے نغمے

کہیں بڑھتی ہوئی عظمت کہیں لٹتا ہوا حسن

بے سبب بخل فراواں بخشی

قحط آلام مصائب کے پہاڑ

عیش کے خسروی و طنطنۂ فغفوری

کہیں پرویز کے حیلے کہیں چنگیز کے ظلم

کہیں شبیری و ابراہیمی

راز ہی راز ہے حیرت کدۂ بزم نمود

تم چمن زاد ہو فطرت کے قریں رہتے ہو

یہ تماشا گہ عالم کیا ہے

نور مہتاب کی چادر لے کر

گھاس سوتی ہی رہی

پھول لب بند رہے

پیڑ رہے محو سکوت

تند رو باد شمالی کا تریڑا آیا

پھول تیورا سے گئے

پیڑ ہوئے سر بہ سجود

گھاس نے چادر مہتاب میں کروٹ بدلی

یہ تماشا گہ عالم کیا ہے