Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

یہ کہہ کے رخنہ ڈالئے ان کے حجاب میں

مفتی صدر الدین خان آزردہ

یہ کہہ کے رخنہ ڈالئے ان کے حجاب میں

اچھے برے کا حال کھلے گا نقاب میں

یا رب وہ خواب حق میں مرے خواب مرگ ہو

آئے وہ مست خواب اگر میرے خواب میں

تحقیق ہو تو جانوں کہ میں کیا ہوں قیس کیا

لکھا ہوا ہے یوں تو سبھی کچھ کتاب میں

میں اور ذوق بادہ کشی لے گئیں مجھے

یہ کم نگاہیاں تری بزم شراب میں

ہیں دونوں مثل شیشہ پہ سامان صد شکست

جیسا ہے میرے دل میں نہیں ہے حباب میں

یہ عمر اور عشق ہے آزردہؔ جائے شرم

حضرت یہ باتیں پھبتی تھیں عہد شباب میں