Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تیرے کوچے کی ہوا لگ گئی شاید اس کو

Lala Madhav Ram Jauhar (1810–1889)

تیرے کوچے کی ہوا لگ گئی شاید اس کو

روز بے پر کی اڑاتا ہے کبوتر ہم سے

ہم سلیمان بنیں گے جو پری ہو گے تم

ہوش میں آؤ کہاں جاؤ گے اڑ کر ہم سے

گالیاں کون سنے جب نہ رہا کچھ مطلب

آج سے کیجئے گا بات سمجھ کر ہم سے

ہم کسی اور کو تاکیں گے تمہارے ہوتے

کیا کہا پھر تو کہو آنکھ ملا کر ہم سے

آپ ہو جائیں گے سیدھے کہیں دن ہوں سیدھے

وہ بھی ٹیڑھے ہیں جو ٹیڑھا ہے مقدر ہم سے

وہ بھی کیا دن تھے کہ جب رہتی تھیں نیچی نظریں

چار آنکھیں جو ہوئیں پھر گئے تیور ہم سے