Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تیرے در پہ جلوہ جو ہم دیکھتے ہیں

احمد شاہ خاں شبنم

تیرے در پہ جلوہ جو ہم دیکھتے ہیں

خدا کی خدائی میں کم دیکھتے ہیں

جو ہم شب کو خواب عدم دیکھتے ہیں

تو ہر سمت سیر ارم دیکھتے ہیں

پس مرگ خلوت میں بیٹھے ہیں ایسے

نہ وہ دیکھتے ہیں نہ ہم دیکھتے ہیں

تمہاری سی صورت تمہاری سی سیرت

حسینوں کے جمگھٹ میں کم دیکھتے ہیں

نظر کی نظر سے ہے حسرت بھرا دل

نظر بھر کے ان کو نہ ہم دیکھتے ہیں

نہ مانوں گا جاگے کہیں رات بھر ہو

بھری نیند آنکھوں میں ہم دیکھتے ہیں

شب ہجر روتے گزرتی ہے شبنمؔ

فنا ہی فنا صبح دم دیکھتے ہیں