Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آتا ہے یہی جی میں فریاد کروں روؤں

Mushafi Ghulam Hamdani (1751–1824)

آتا ہے یہی جی میں فریاد کروں روؤں

رونے ہی سے ٹک اپنا دل شاد کروں روؤں

کس واسطے بیٹھا ہے چپ اتنا تو اے ہم دم

کیا میں ہی کوئی نوحہ بنیاد کروں روؤں

یوں دل میں گزرتا ہے جا کر کسی صحرا میں

خاطر کو ٹک اک غم سے آزاد کروں روؤں

اس واسطے فرقت میں جیتا مجھے رکھا ہے

یعنی میں تری صورت جب یاد کروں روؤں

اے مصحفیؔ آتا ہے یہ دل میں کہ اب میں بھی

رونے میں تجھے اپنا استاد کروں روؤں