Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جلوے ترے جو رونق بازار ہو گئے

حسن بریلوی

جلوے ترے جو رونق بازار ہو گئے

خوبان خود فروش خریدار ہو گئے

تلووں سے راستہ چمن دل کشا بنا

جلووں سے آئنہ در و دیوار ہو گئے

دل جاں بلب جگر میں تپک جان بے قرار

ہم تیرا نام لے کے گنہ گار ہو گئے

گل زار ہے بہار یوں ہی حسن یار سے

جیسے چمن بہار سے گل زار ہو گئے

یہ حسن خود فروش عجب جنس ہے حسنؔ

وہ بک گئے جو اس کے خریدار ہو گئے