Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جلا ہے کس قدر دل ذوق کاوش ہائے مژگاں پر

ساحر دہلوی

جلا ہے کس قدر دل ذوق کاوش ہائے مژگاں پر

کہ سو سو نشتروں کی نوک ہے اک اک رگ جاں پر

پڑا ہوگا مگر عکس عذار لالہ گوں ورنہ

یہ گستاخی ہمارا خون اور قاتل کے داماں پر

طریق عشق میں ہے رنج پہلے اور خوشی پیچھے

مدار صبح روز وصل ہے اک شام ہجراں پر

مری دیوانگی روز قیامت میرے کام آئی

قلم رحمت کا کھینچا اس نے آخر میرے عصیاں پر

اگر ان کے تغافل کو ہے دعویٰ اپنی تمکیں کا

ہماری خود فراموشی کو ہے ناز اپنے نسیاں پر