Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

حضرت دل جو کسی مس کے حوالے ہوتے

ماسٹر باسط بسوانی

حضرت دل جو کسی مس کے حوالے ہوتے

جتنے گورے ہیں مقرر مرے سالے ہوتے

گھر سے باہر جو قدم تم نے نکالے ہوتے

جمع دس بیس ابھی چاہنے والے ہوتے

دشت الفت میں جو موٹر کی سواری ہوتی

غیر ممکن تھا مرے پاؤں میں چھالے ہوتے

رشتہ الفت کا کسی طرح نہ قائم ہوتا

میں نے ڈورے نہ اگر آپ پہ ڈالے ہوتے

لالہ صاحب نے شب وصل یہ مہری سے کہا

تو نہ آتی تو مری جان کے لالے ہوتے

قیس تو تیشہ زنی کرتا جو مثل فرہاد

پاؤں کی طرح ترے ہاتھ میں چھالے ہوتے

دسترس ہوتا ہمارا جو سن کمسن پر

پاؤں باہر نہ کلیسا کے نکالے ہوتے

شیخ اس رنگ سے بدمست ہوئے پی کے شراب

گر ہی پڑتے جو انہیں ہم نہ سنبھالے ہوتے