Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آج اپنے دل سے پھر الجھا ہوں میں

محمد صادق ضیا

آج اپنے دل سے پھر الجھا ہوں میں

مدعا یہ ہے کہ دیکھوں کیا ہوں میں

روکنا اے مادیت کے حجاب

خود بخود افشا ہوا جاتا ہوں میں

ہے مری آنکھوں میں کیف بے خودی

خواب دوشیں سے ابھی جاگا ہوں میں

چاندنی راتوں میں جب اٹھتی ہے موج

نور بن کر چاند میں بہتا ہوں میں

کس قدر رنگین ہے میرا مزاج

صبح کے پھولوں کا گہوارہ ہوں میں

گلستاں میں چھیڑ کر غنچوں کے ساز

خود بخود اک گیت گا لیتا ہوں میں

جادۂ ہستی ہے اک راہ غلط

یہ کہاں گم ہو کے آ پہونچا ہوں میں

دور تک کوئی نہیں ہے ہم خیال

ایسے خواب آباد میں تنہا ہوں میں

کاروان زندگی آگے گیا

پر غبار اک صبح کا تارا ہوں میں

تنگ ہے مجھ پر فضائے کائنات

ذرے کی آغوش میں صحرا ہوں میں

زندگی کی بجھ گئیں شمعیں ضیاؔ

تیرگیٔ شب کا پروانہ ہوں میں