Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

حسن نے مان لیا قابل تعزیر مجھے

دل شاہ جہانپوری

حسن نے مان لیا قابل تعزیر مجھے

نظر آئی ہے محبت کی یہ تقصیر مجھے

کیوں نہ ہو بادۂ سرجوش کی توقیر مجھے

مل گئی پیر خرابات سے تحریر مجھے

جلوۂ حسن کے مفہوم پہ جب غور کیا

ایک دھندلی سی نظر آئی ہے تصویر مجھے

اب مری وحشت رسوا کا عجب عالم ہے

کر دیا آپ نے وابستۂ زنجیر مجھے

بے تکلف رخ زیبا سے اٹھائے وہ نقاب

حسن خود پائے گا ایک پیکر تصویر مجھے

زندگی اک نئے عالم میں نظر آتی ہے

لے چلی آج کہاں گردش تقدیر مجھے

کھچ گئی دل کشئ حسن مری نظروں میں

جی بہلنے کو ملی آپ کی تصویر مجھے

زلف شب گوں رخ انور کی ستائش کو سوا

کوئی مضمون نہ ملا قابل تحریر مجھے

حسن دل کش کے تلون پہ نظر جب پہنچی

نہ رہا پھر گلۂ گردش تقدیر مجھے