Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

حسن شہہ لولاک جو چمکا شب معراج

عبد الحلیم شرر

حسن شہہ لولاک جو چمکا شب معراج

جلووں سے نبی صبح تجلی شب معراج

کیا خوب جما وصل کا نقشہ شب معراج

مطلوب نیا طالب شیدا شب معراج

پایا نہ تقرب کسی مخلوق نے ایسا

جیسا کہ ملا شاہ کو رتبہ شب معراج

طالب تھا خدا بندۂ محبوب کا اپنے

مہمان خدا نور خدا تھا شب معراج

گنجینۂ رحمت سے حبیب ازلی کو

کیا کیا نہیں اللہ نے بخشا شب معراج

تا دیر رہی طالب و مطلوب میں قربت

دل بھر کے مزہ وصل کا لوٹا شب معراج

کانوں نے سنا جو کبھی کانوں نہ سنا تھا

آنکھوں نے نہ دیکھا تھا جو دیکھا شب معراج

عالم کو کیا مست مئے حسن ازل نے

بیکار رہا ساغر و مینا شب معراج

نعلین مبارک کا ہوا فخر جو حاصل

بس جھوم گیا عرش معلیٰ شب معراج

اللہ کا دیدار محمد کی شفاعت

مائلؔ کو ملی حشر کے دن یا شب معراج