Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

حال مرگ بے کسی سن کر اثر کوئی نہ ہو

حسن بریلوی

حال مرگ بے کسی سن کر اثر کوئی نہ ہو

سچ تو یہ ہے آپ سا بھی بے خبر کوئی نہ ہو

ہائے دشمن دیکھیں ان کے اٹھتے جوبن کی بہار

ہائے میں کوئی نہ ہوں میری نظر کوئی نہ ہو

اس تمنا پر کٹے مرتے ہیں مشتاقان قتل

یار پر قربان ہم سے پیشتر کوئی نہ ہو

وہ قیامت کی گھڑی ہے طالب دیدار پر

جب اٹھے پردا تو پردے کے ادھر کوئی نہ ہو

عشق میں بے تابیاں ہوتی ہیں لیکن اے حسنؔ

جس قدر بے چین تم ہو اس قدر کوئی نہ ہو