Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جھوٹے وعدوں پر تمہاری جائیں کیا

امداد امام اثر

جھوٹے وعدوں پر تمہاری جائیں کیا

جانتے ہیں تم کو دھوکا کھائیں کیا

پرسش اپنے قتل کی ہونے لگی

داور محشر کو ہم بتلائیں کیا

ان کی محفل حیرت عالم سہی

غیر ہم پہلو جہاں ہو جائیں کیا

خون دل کھانے سے کچھ انکار ہے

جب نہیں اے لذت غم کھائیں کیا

ناصح مشفق کو سمجھانا پڑا

اس سمجھ پر تم کو وہ سمجھائیں کیا

غیر نے رہ کر جہنم کر دیا

ہیں مسلماں تیرے گھر ہم آئیں کیا

ہم سے ان سے بات کیا باقی رہی

ہم کہیں کیا اور وہ فرمائیں کیا

ہے پشیمانی میں اقرار خطا

قتل کر کے مجھ کو وہ پچھتائیں کیا

آئیں گے پھر بھی وہی عشرت کے دن

انقلاب دہر سے گھبرائیں کیا

مر ہی کر اٹھیں گے تیرے در سے ہم

آ کے جب بیٹھے تو پھر اٹھ جائیں کیا

دل کو کھوئے ایک مدت ہو گئی

اے اثرؔ اب ڈھونڈنے سے پائیں کیا