Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

جگر کو دیکھ کے زخم جگر کو دیکھتے ہیں

بیخود موہانی

جگر کو دیکھ کے زخم جگر کو دیکھتے ہیں

مرے عزیز مرے چارہ گر کو دیکھتے ہیں

پڑی ہے سامنے جیسے کسی عزیز کی لاش

ہم اس نظر سے دل بے خبر کو دیکھتے ہیں

کٹیں گی موت کے ہاتھوں یہ بیڑیاں اک دن

اس ایک آس کو اور عمر بھر کو دیکھتے ہیں

گزر رہی ہے اسیران بدنصیب کی یوں

کبھی قفس کو کبھی بال و پر کو دیکھتے ہیں

پھر آ کے حسرتیں دم توڑتی ہیں خواب میں کیا

اداس دل جو ہم اتنا سحر کو دیکھتے ہیں

ستم کشوں کو یہ کیا خوب چپ کی داد ملی

جب آنکھ کھلتی ہے تربت سے گھر کو دیکھتے ہیں

اجل کو دیکھ کے سوجھا مآل ہستی کا

سحر کو دیکھ کے شمع سحر کو دیکھتے ہیں

کھلا ہے اب کے ہے ہستی کا ایک نام گناہ

تباہ حالی اہل ہنر کو دیکھتے ہیں

پہنچ کے منزل ہستی پہ ہوش اڑے بیخودؔ

کہ راہزن تھا جو اب راہبر کو دیکھتے ہیں