Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

خون دل کا جو کچھ اشکوں سے پتہ ملتا ہے

ناطق لکھنوی

خون دل کا جو کچھ اشکوں سے پتہ ملتا ہے

ہم کو جی کھول کے رونے میں مزا ملتا ہے

ہم سے اس عشق مجازی کی حقیقت پوچھو

کہ یہ بت جب نہیں ملتے تو خدا ملتا ہے

شوق سے کر مجھے پامال مگر یہ تو بتا

خاک میں ملنے سے میرے تجھے کیا ملتا ہے

آج تک ہم کو تو وہ بت نہ ملا پر نہ ملا

کہتے ہیں ڈھونڈنے والے کو خدا ملتا ہے

کند خنجر کی شکایت میں کروں کیوں ناطقؔ

سچ تو یہ ہے کہ مجھے یوں ہی مزا ملتا ہے